اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز کراچی میں حادثے کا شکار طیارہ ائیر بس کمپنی کا تھا۔روزنامہ جنگ کے مطابق ائیر بس کمپنی کے ترجمان اسٹیفان شیفراتھ نے بتایا ان کی کمپنی حادثے سے باخبر ہے تاہم حادثے کی وجوہات کے بارے میں ان کے پاس تاحال کوئی تفصیلات نہیں ۔ ائیر بس نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایک اعلامیہ میں کہا کہ وہ پاکستانی
حکام کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کررہے ہیں۔ ائیر بس کے اے 320 طیارے میں عام طور پر 180 نشستیں ہوتی ہیں۔ ائیر بس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ طیارہ 2004 سے پاکستان میں پی آئی اے کے زیر استعمال تھا تاہم اس عرصے کے دوران طیارے نے جمعے کے روز تک 25 ہزار 860 پروازیں بھریں اور 47 ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کرچکا تھا۔