اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک اور وفاقی وزیر نیب کے ریڈار پر آگئے، غلام سرور خان کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔چیئرمین نیب نے نور الحق قادری کے خلاف شکایت پر چھان بین کا حکم دے دیا۔نجی ٹی وی دنیا کی رپورٹ کے مطابق نیب ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پر وزارت کی عمارت اپنے بزنس پارٹنر کو دینے کا الزام ہے،
نور الحق قادری کیخلاف شکایت مفادات کے تضاد کا مقدمہ ہے، نور الحق قادری پر اختیارات سے تجاوز کرنے اور غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔نیب ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سے شکایت کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد نیب پوچھ گچھ کرے گا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز وزارت مذہبی امور کے افسران کیخلاف شکایت پر انکوائری کی منظوری دی تھی۔