سرینگر(ساوتھ ایشین وائر )مقبوضہ کشمیر میں کولگام میں بھارتی فورسز نے 7نوجوانوں کو شہید کر دیا۔جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں لاور منڈرا کے قریب سیکیورٹی فورسز نے پیر کو صبح تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق فورسز نے علاقے کو محاصرے میںلے کر تلاشی کاروائی شروع کی ۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے تازہ کارروائی کے دوران اتوار کی رات ضلع کولگام کے علاقے گدر پرانہل میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید کر دیے جس سے گزشتہ پانچ روز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق ضلع کے گدر پرانہل علاقہ میں واقع سرکاری ہائی اسکول میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کیا۔ایک فوجی میجر پٹیل کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ایک سرکاری ہائی اسکول میں چھپے ہونے کی اطلاع پر فورسز نے تلاشی کاروائی شروع کی۔ڈانگر پورہ امام صاحب شوپیان نامی گائوں کو 44آر آر، 178سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے اتوار کی شب دیر رات 9بجے محاصرے میں لے کر تلاشی کی کاروائی شروع کی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں 3 ، جمعہ کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کھار پورہ آرنی میں2 جبکہ بدھ کے روز ضلع شوپیاںکے علاقے ملہورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران4 کشمیری نوجوان شہید کر دیے تھے۔