اسلام آباد(آن لائن)چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کووِڈ 19 کی ویکسین کے ممکنہ ٹرائل کی پیشکش پر حکومت نے مزید معلومات طلب کرلیں۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایک چینی کمپنی نے ویکسین کے ممکنہ ٹرائلز کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔سماجی روابط کی ویب وسائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنے کا کہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹرائلز سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے سے قبل
سیفٹی، ایتھکس، ریگولیشن اور فزیبیلیٹی کے تناظر میں فراہم کردہ معلومات کا متعلقہ ماہرین کے ذریعے جائزہ لیں گے۔پاکستان میں کووِڈ 19 کے مریضوں پر ویکسین کے ٹرائلز کے حوالے سے انہوں نے کہا ابھی اس حوالے سے ’کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے‘۔خیال رہے کہ چین کی ایک بڑی دوا ساز کمپنی نے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد کو کووِڈ 19 کے لیے تیار کردہ ویکسین کا پاکستان میں کلینکل ٹرائل کرنے کی دعوت دی تھی۔