اسلام آباد (این این آئی)ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ کچھ روز قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔وزیراعظم کے ہمراہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں کیوں کہ انہوں نے چند روز قبل فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بطور ذمہ دار شہری وزیراعظم عمران خان نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے اور جلد ان کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سماجی کارکن فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ۔فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کیلئے چیک پیش کیا تھا۔ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ایدھی حکام کے مطابق فیصل ایدھی ایک ہفتہ قبل کراچی سے لاہور گئے تھے اور 5 دن قبل انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، ان کا 2 روز قبل کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ آئی ہے۔