اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں میرے عمران خان سے کوئی اختلافات نہیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ میرے اپنی جماعت سے اختلافات ہیں۔یہ افواہیں بھی بالکل غلط ہیں کہ میں کسی دوسری جماعت کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ مارچ 2019 میں وزیر اعظم اور کابینہ کو زراعت ایمرجنسی پروگرام کے
حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ میں گنے کی کاشت کے حوالے سے اصلاحاتی پروگرام پیش کیا، وزیر اعظم اور کابینہ کو بتایا کہ مجوزہ پروگرام پر عمل کر کے ملک سبسڈی کے بغیر چینی ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہو جائے گا، پروگرام پر عمل کے نتیجہ میں کم زیر کاشت رقبے سے زیادہ فصل حاصل کی جا سکے گی۔یاد رہے کہ چینی ،آٹا سیکنڈل کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد عمران خان اور جہانگیر ترین کےدرمیان دوریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔