نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے نے روایتی ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے پریشانی کے اس دور میں بھی پاکستان، بھارت کے خلاف سازش کرنے سے باز نہیں آرہا ۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے پاکستان مخالف زہر اگلتے ہوئے کہاکہ ایسے وقت میں جب بھارت دنیا کو کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے دوائیں بھیج رہا ہے مگرپاکستان ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انڈین آرمی کورونا وائرس کے تئیں خصوصی احتیاط برت رہی ہے۔ انڈین آرمی میں کورونا سے متاثرہونے کے صرف آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے دو ڈاکٹر اور ایک نرسنگ اسسٹنٹ ہے۔ ان سب کا علاج چل رہا ہے اور صحت یاب ہورہے ہیں۔ ایک جوان نے تو دوبارہ اپنی ڈیوٹی بھی جوائن کرلی ہے۔بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انڈین آرمی کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی حالت سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنی پوری صلاحیت جھونک دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین آرمی صرف چھ گھنٹے کے نوٹس پر آئسولیشن وارڈ اور آئی سی یو تیار کرسکتی ہے۔بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جب بھی فوج کو عوام کی مدد کے لیے طلب کیا جائیگا تو وہ فورا میدان میں آجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج ہر روز صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔ ان کے تمام آرمی کمانڈر، پرنسپل اسٹاف آفیسر اور ایڈوائزر مسلسل میٹنگ کررہے ہیں۔ پچھلے دو تین ماہ سے فوج میں الگ الگ سطح پر تربیت بھی دی جارہی ہے اور وہ خود بھی اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آرمی چیف نروانے کے مطابق کووڈ انیس کے حوالے سے اگلے چند ہفتے بھارت کے لیے کافی اہم ہوں گے۔