کراچی(این این آئی)قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 کے عملے کو ویزا نہ ہونے پر مانچسٹر ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز کے عملے کو برطانوی امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا، ذرائع نے بتایاکہ پی کے 701 کے فضائی عملے کو برطانیہ کا ویزا نہ ہونے پر حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے
بھی پی آئی اے کے فضائی عملے کے پاس برطانیہ کا ویزا نہ ہونے پر برطانوی امیگریشن حکام نے پی آئی اے کی انتظامیہ کو 20 ہزار پائونڈ کا جرمانے کے ساتھ وارننگ جاری کی تھی۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے بیان جاری کیا ہے کہ برطانوی امیگریشن حکام سے بات چیت ہوگئی ہے، حالیہ پرواز پر پی آئی اے کو کسی قسم کا جرمانہ نہیں کیا گیا اور پی آئی اے کے کریو ممبران کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ ہوٹلز میں پہنچ چکے ہیں، تاہم پرواز لے کر جانے والا عملہ ایئرپورٹ پر ہی رکے گا، برطانیہ سے دوسرا عملہ پاکستانی وقت کے مطابق تقریبا 11 بجے فیری فلائٹ لے کر دبئی پہنچے گا جہاں سے مسافروں لے کر پاکستان آئے گا۔ترجمان نے بتایاکہ معمول کے مطابق پی آئی اے کریو ممبران ایک جی ڈی لیٹر پر پروازیں لے کر جاتے تھے، تاہم اب کورونا وائرس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد برطانوی امیگریشن حکام نے کریو ممبران کے پاس بھی ویزا ہونے کی شرط عائد کردی ہے۔