راولپنڈی (این این آئی) بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی، بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک دو سالہ معصوم بچہ شہید اور خاتون سمیت چار شہری زخمی ہوگئے ۔ پیرکو پاک فوج نے موثر انداز میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر متعدد خلاف ورزیاں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا ،بھارتی فوج نے ایل او سی کے ڈھڈنیال ،
چری کوٹ ، رکھ چکری سیکٹر پرشہری آبادی کو نشانہ بنایا،بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ڈھنڈ نہال کا دو سالہ معصوم بچہ محمد حسیب شہید اور خاتون سمیت چار شہری زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو علاج کیلئے طبی مراکز منتقل کردیا گیا ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بھر پور جوابی کارروائیاں کی گئیں ۔ مقامی لوگوں کے مطابق پاک فوج نے موثر انداز میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔