اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈائون میں 7 روز کی توسیع کا فیصلہ ،وزیر اعلیٰ پنجاب لاک ڈائون میں توسیع کا باضابطہ اعلان پیر کے روز کریں گے۔92نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے لاک ڈائون میں 7 روز کی توسیع کا فیصلہ کر لیا، جس کے بعد پنجاب میں لاک ڈائون 21 اپریل تک جاری رہے گا۔
کوروناکا پھیلائو روکنے کیلئے لاک ڈائون میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کورونا کا پھیلائو روکنے کےلئے پنجاب میں مرحلہ وار لاک ڈائون بڑھایا جائے گا تاہم لاک ڈائون کے دوران مزید صنعتیں کھولنے کی تجویز زیر غور ہے، ذرائع کے مطابق نئے کھولے جانے کیلئے مجوزہ سیکٹرز میں بک شاپس،الیکٹریشن ،باربر شاپس، سیمنٹ، سریا، ٹائلیں، سینیٹری،بجلی اوردیگر شامل ہیں تاہم ٹیکسٹائل اور سپورٹس سیکٹر سب سے آخر میں کھولے جا ئینگے ۔وزیرِاعظم نے تعمیراتی صنعت کیلئے پیکیج کا اعلان کیا ہے اوراس پر عملدرآمد کیلئے سیمنٹ، سریا، ٹائلیں، سینیٹری، بجلی اور دیگر دکانوں کو کھولنا ہوگا، بصورت دیگر تعمیراتی صنعت کا پیکیج کامیاب نہیں ہوسکے گا۔دکانداروں کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دکانوں کا کرایہ اور یوٹیلیٹز کی ادائیگیوں سے متعلق ہے ۔اس وقت لاک ڈاؤن سے درآمدات و برآمدات بندہیں اور کراچی کی بندرگاہوں پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد کنٹینرز جمع ہوگئے ہیں،یہی صورتحال رہی تو کورونا کیلئے بھی سامان اتارنے کی گنجائش نہیں بچے گی۔