اسلام آباد (این این آئی) فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا، یہ کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے جہاں ڈاکٹر فیصل نے وزیر اعظم کو کورونا سے متعلق تمام معلومات دیں جبکہ وزیر اعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو وبا سے بچانا ویراعظم کی اولین ترجیح ہے، تمام اداروں کے ساتھ مل کر
اقدامات کر رہے ہیں اور قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتیں کورونا متاثرین کا ڈیٹا تشکیل دیں تاکہ مل کر حکمت عملی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے متحد ہو کر اس چھپے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے اور اسے شکست دینی ہے، کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے باہمی تعاون کا فروغ، حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد اور آگاہی پیدا کرنے والی کوششوں اور کاوشوں کو تقویت دینے کے لیے یہ سینٹر فعال ہوا ہے اور اس سینٹر سے ہی ہم یکجہتی اور یکسوئی سے قومی بیانیہ سامنے لائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ ذخیرہ مافیا کی سرکوبی کی جائے جبکہ اسد عمر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ورکنگ پلان دیں تاکہ عملدرآمد ہو۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کے لیے ہدایات کیں اور کہا ہے کہ آٹے کی قلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کرنے والوں کی آہنی ہاتھوں سے سرکوبی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے،اس کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں گے۔