اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگوپیچوموتو نے کہا ہے کہ عالمی بنک کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوںمیں پاکستان کے ساتھ اپنی معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔جمعہ کواپنے ایک ویڈیوپیغام میں انہوں نے کہاکہ عالمی بنک کا عملہ پاکستان میں حفاظتی تدابیرکے ساتھ گھروں سے کام کرنے کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی بینک پاکستان سمیت کئی
ممالک میں کرونا وائرس کی عالمگیروبا کے اثرات سے نمٹنے کیلئے معاونت فراہم کررہاہے، عالمی بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کل پاکستان میں وبا سے نمٹنے کی کوششوں کوتقویت دینے کیلئے مزید 200 ملین ڈالرگرانٹ کی منظوری دیدی ہے، گزشتہ ہفتہ بنک نے پاکستان کیلئے 40 ملین ڈالرکی گرانٹ کی منظوری دی تھی، اس فنڈزسے پاکستان کی وفاقی اورصوبائی حکومتیں وبا سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرطبی اشیا، وینٹی لیٹرز اوردیگرآلات کی خریداری عمل میں لارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی بنک پاکستان میں معاشرے کمزورطبقات کولاک ڈاون کے تناظرمیں ضروری اشیا کی فراہمی اوروبا کے دنوں میں فاصلاتی تدریس کوبہتربنانے میں بھی مدد فراہم کررہاہے۔عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹرنے مزید کہاکہ بنک پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا،انہوں نے پاکستان کے شہریوں کیلئے نیک تمناوں کااظہارکرتے ہوئے انہیں وبا کے دنوں میں تمام ترحفاظتی وتدارکی اقدامات پرعمل پیراہونے کی ہدایت کی ہے۔