لاہور، اسلام آباد (این این آئی)پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین نے کہا ہے کہ مثبت کورونا وائرس ٹیسٹ کے حامل افراد کو گھروں میں آئسولیٹ ہونے کی اجازت دے دی جائیگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ گھروں میں آئسولیٹ ہونے سے متعلق پالیسی کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مثبت کورونا وائرس کے مریضوں کو گھروں میں علیحدہ رکھنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق مثبت کورونا ٹیسٹ والے مریض کی ہوم آئیسولیشن کی کچھ شرائط اور ضوابط ہوں گے۔دریں اثنا اسلام آباد انتظامیہ نے 3 قرنطینہ سینٹر کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پاک چائنافرینڈ شپ سینٹر کی نگرانی ڈاکٹر سرتاج کریں گے ، حاجی کیمپ قرنطینہ سینٹرز کی نگرانی ڈاکٹر صابر ایوب کریں گے جبکہ او جی ڈی سی ایل بلڈنگ آئی نائن سینٹر کی نگرانی ڈاکٹر ولید کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم، اسٹنٹ کمشنر گوہر زمان، مہرین بلوچ فوکل پرسن ہونگے۔اس کے علاوہ اسلام آباد کے 2 ہوٹل بھی قرنطینہ سینٹرز کے متبادل کے طور پر موجود ہونگے۔