راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے دستے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کردیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے د ستے سول انتظامیہ(وفاقی اور صوبائی) کی مدد کررہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے دور دراز کے 9 اضلاع میں فوجی دستے تعینات ہیں۔آئی ایس پی آرکورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں،پاک فوج کے دستے ان مراکز میں سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد دے رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق تفتان میں مزید 600 افراد کے لیے قرنطینہ سہولت قائم کی جارہی ہے، قرنطینہ مرکز میں فوجی جوان، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سول انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چمن میں 805 کیمپوں پر مشتمل قرنطینہ سہولت قائم کر رہے ہیں جبکہ کوٹلی، بھمبر، میر پور، برنالہ، مظفر آباد، باغ اور راولا کوٹ میں انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں۔خیبرپختونخوا کے 26 اور پنجاب کے 34 اضلاع میں فوجی دستے تعینات ہیں، پاک فوج دونوں صوبوں میں قرنطینہ سہولیات میں انتظامیہ کی معاونت کررہی ہے۔