اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں سعودی عرب کےسفیر نواف المالکی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج منسوخی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو عازمین حج کو بروقت مطلع کیا جائیگا۔
اپنے ایک انٹرویو میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال حج کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،میں سب کو یقین دہانی کروانا چاہوں گا کہ خدائے بزرگ و برتر نے ہماری دانشمندانہ حکومت کو حرمین شریفین اور اللہ کے مقدس گھر حاضر ہونے والے حجاج کی خدمت کی توفیق بخشی ہےاور یہ بلاشبہ ہمیشہ ہر سال حجاج کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ کوشاں ہوتی ہے اور اگر اس طرح کا (حج کی منسوخی) کا کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اسے بروقت حاجیوں تک ذمہ داری سے پہنچا دے گی۔ میں آپ کو پھر یقین دلاتا ہوں کہ حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ اس وقت تک بالکل نہیں کیا گیا۔سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سفارتخانہ شہریوں کو معلومات فراہم کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے پر وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بنائی گئی جس نے گائیڈ لائنز جاری کیں۔ انہی گائیڈ لائنز کی روشنی میں عمرہ کی عارضی معطلی، حرمین میں نماز اور زیارات کو عارضی طور پر روکا گیاہے۔