اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودیہ نے پاکستان کو 18مارچ تک فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کی خصوصی اجازت دیدی ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کے خالی جہاز سعودی عرب جائیں گے اور پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔اس سے قبل پاکستان اور سعودیہ کے درمیان چلنے والی کئی پروازیں اچانک منسوخ کر دی گئی تھیں۔
اب ان پروازوں کو خصوصی طور پر چلایا جائے گا۔ جہازوں میں جراثیم کش ادویات کے استعمال سے انہیں جراثیموں سے پاک کیا جائے گا اور پھر خالی جہاز سعودی عرب جائیں گے اور وہاں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔ پی آئی اے کے جہازوں کو مدینہ اور جدہ کے ائیرپورٹس پر اترنے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے مصروف عمل ہے ۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ وزارت مذہبی امور نے جدہ ایرپورٹ پر تین فرنٹ ڈیسک سہولت کاونٹرز قائم کر لئے،دفتر امور حجاج جدہ کے تمام ملازمین کو جدہ ایئرپورٹ پر تعینات کر دیا گیا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق عملہ پاکستانی زائرین کی باسہولت وطن واپسی کیلئے قونصلیٹ اور سعودی اہلکاروں کے مابین رابطہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق عملہ وطن واپس آنے والے عمرہ زائرین کو 24 گھنٹے سہولت و رہنمائی کیلئے موجود ہے۔