اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر امریکہ کا رد عمل بھی سامنے آگیا، امریکہ نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیو اینڈ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے امریکہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔امریکہ کی نائب معاون
وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء ایلس ویلز نے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستانی کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے مالک کی گرفتاری پر تشویش ہے۔ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکہ نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو تشویشناک کے ساتھ نوٹ کیا ہے، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کے لیے ستون ہے۔