اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چند روز قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی شادی دھوم دھام سے انجام پائی جس میں ملک کی کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں۔ شادی کی پرتعیش تقریب کی تصاویر اور ویڈیوزسوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر شادی کی تقریب پر اٹھنے والے اخراجات کے حوالے سے مختلف دعوے بھی سامنے آتے رہے۔
اس ہنگامے میں اب معروف صحافی طلعت حسین بھی کود پڑے ۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں طلعت حسین نے اس شادی پر تفصیلی بات چیت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس منی ٹریل پیش کریں کہ اس قدر خطیر رقم ان کے پاس کیسے آئی؟طلعت حسین نے کہا سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی کتنی نقدی تنخواہ ہوتی ہے اورکتنے پیسے انہوں نے شادی پر خرچ کئے ہیں یہ ایک بہت بڑا سوال بنتا ہے جس کی وضاحت ضروری ہے۔طلعت حسین نے جسٹس فائز عیسیٰ کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ان سے بلکہ ان کے اہلخانہ کے اثاثوں کی بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔انہوں نے کہا عدالت کے علاوہ نیب میں بھی لوگوں سے نہ صر ف ان کی بلکہ بہن بھائی، بیوی بچے ، نوکر ڈرائیور اور تمام وابستہ لوگوں کی منی ٹریل مانگی جاتی تھی۔ اس سب پرسوال توبنتا ہے کہ کیاثاقب نثار صاحب کی جو اہلیہ ہیں انہوں نے جو زیورات پہنے تھے کیا وہ ثاقب نثار صاحب نے گفٹ کیا ہے؟ ان کی مالیت کیا ہے؟ کیا ثاقب نثارنے اپنی اہلیہ اور بچوں کے پاس موجود اثاثوںاور دولت کوظاہرکیا ہوا ہے؟ انہوں نے کہا شادی کے اخراجات اور دیگر تمام اخراجات کو ظاہر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا جسٹس فائز عیسیٰ اور شریف خاندان سے جیسے باپ دادا کی آمدن پوچھی گئی تھی اس طرح ان سے بھی پوچھا جائے گا یا نہیں؟
انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر یہ باتیں بھی گردش کررہی ہیں کہ کہیں یہ ڈیم کے پیسے تونہیں ہیں؟ طلعت حسین کے مطابق وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ اس میں ڈیم کا پیسہ لگاہوگا۔ تاہم لوگ بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہااگر ثاقب نثار اپنا یا اپنے خاندان کے پرتعیش طرز زندگی اور آمدن کی وضاحت نہیں کرسکتے تو لوگ یہ سوال اٹھائیں گے کہ کہیں یہ پیسے ان فیصلوں سے تو نہیں ملے جن سے بہت سے لوگوں کے مفادات جڑے ہوئے تھے۔اگر آپ کے باپ دادا نے یہ دولت نہیں چھوڑی توپھر یہ سوال اٹھیں گے کہ کہیں یہ رقم ایسے کیسز سے تو نہیں سامنے آئی جس میں بہت بڑی بڑی رقوم کے معاملات طے ہوئے۔انہوں نے کہا جسٹس (ر) ثاقب نثار کو منی ٹریل دینی چاہئے، اپنے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کرنی چاہئیں۔