راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی، دفاع اور سیکیورٹی تعاون کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کے روز آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو
گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی دفاع اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، آرمی چیف اور سعودی نائب وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں تربیتی پروگرام اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔