اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چوہدری نے افغانستان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کودے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں کو مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج دوحہ میں ہونے والے معاہدے سے امریکہ کی لمبی ترین خارجی جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ اس سب کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جو پی ٹی آئی حکومت کے اہم مقصد کے طور پر ہمیشہ افغانستان میں امن کی خواہاں رہے۔دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموارہوگی۔امریکا طالبان معاہدے کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان عوام کیلیے آج بڑادن ہے، پاکستان نے افغان امن معاہدے کیلیے اہم کردار ادا کیا، معاہدے سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموارہوگی اور افغانستان امن واستحکام کی جانب گامزن ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری جنگ کاخاتمہ ہونیوالاہے، افغان عوام نئے مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، معاہدے کے بعد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کاعمل شروع ہوگا، طالبان نے معاہدے کی پاسداری کی توافغانستان سے فوج واپس بلالیں گے۔