راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کر دی۔ جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ
کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے باعث 45 سالہ شخص زخمی ہو گیا، زخمی ہونے والے شخص کا تعلق مدار پور گاؤں سے ہے۔ زخمی شخص کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔