سوات (این این آئی)خیبر پختون خوا کے سیاحت کے حوالے سے مشہور شہر سوات کا 26 سالہ نوجوان 6 روز سے انفلوئنزا کے مرض میں مبتلا ہے جسے سوشل میڈیا پر غلط فہمی کی بنیاد پر کرونا وائرس کا مریض قرار دیدیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اکرام شاہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر یاسر نامی نوجوان سے متعلق غلط خبریں چل رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کہا جا رہا ہے کہ یاسر کرونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے ، ابھی تو اس مریض کو کورونا وائرس کا مشتبہ مریض بھی نہیں کہہ سکتے۔ڈاکٹروں نے مرض کی تشخیص کے لیے یاسر کے خون کے نمونے اسلام آباد بھیج دئیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اکرام شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر اس شخص کے متعلق کورونا وائرس کی جو خبریں چل رہی ہیں وہ سراسر غلط ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور جب تک کسی خبر کی تصدیق نہ ہو اسے آگے نہ پھیلائیں۔سیدو شریف ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسر کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھیجے گئے ہیں۔