لاہور(آن لائن )ملکی خزانے کو اربوں کا نقصان اور سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا اعتراف کرنے والوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے 4 سال کے دوران 151 کرپٹ افراد سے پلی بارگین کے ذریعے اربوں روپے واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائے۔
دستاویزات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے 4 سال کے دوران 4 ارب 10 کروڑ 85 لاکھ 15 ہزار 290 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔ نیب لاہور نے 2016 میں 27 کروڑ 20 لاکھ 66 ہزار 309 روپے واپس قومی خزانے میں جمع کرائے جبکہ سال 2017 میں 1 ارب 22 کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 103 روپے لے کر قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔نیب لاہور نے سال 2018 میں 2 ارب 43 کروڑ 37 لاکھ 1 ہزار 268 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے اور سال 2019 کے پہلے 4 ماہ کے دوران 18 کروڑ 23 لاکھ 18 ہزار 610 روپے خزانے مں جمع کرائے گیے۔دستاویزات کے مطابق پلی بارگین کرنے والوں میں شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے دست راز بھی شامل ہیں۔ اکرام نوید نے 2018 میں نیب کو 36 کروڑ 72 لاکھ 63 ہزار 809 روپے جمع کرائے تھے۔سال 2017 میں ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی کے فرحان چیمہ سے 47 کروڑ 20 لاکھ 48 ہزار 366 روپے لے کر قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔ فرحان چیمہ اب بھی شہریوں سے دھوکہ دہی کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔سال 2017 میں فیض الرحمن سے 36 کروڑ 17 لاکھ 85 ہزار 454 روپے لے کر قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔