لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی و تجزیہ نگار ہارون الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کا تحریری حکم نامہ لکھوا کر صدر پاکستان عارف علوی کے پاس رکھوایا ہوا ہے ۔ جس وقت وزیراعظم کو لگا کہ حکومت کو ختم کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہےوہ اسمبلیاں توڑ دیں گے ۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ
اب ن لیگ اسٹبلشمنٹ پر نقطہ چینی نہیں کرے گی بلکہ اب اس کی نقطہ چینی صرف حکومت کیخلاف ہو گی ۔ عمران خان کو ہدف بنایا جائے گا اور ان کی کردار کشی کرے گی ۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان خود پر ہونیوالی کسی بھی تنقید کا جواب نہیں دیں بلکہ ان کے رضا کار ہی بیانات کا جواب دیں گے ۔ ملک میں جس طرح کا ماحول بنایا جارہا ہے اس سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا جبکہ اسٹبلشمنٹ کی پوری کوشش ہے کہ سمجھوتہ ہو جائے ۔ تاہم ایک دوسری سوچ آج کل پروان چڑھ رہی ہے کہ انہیں حکومت یا پھر پنجاب حکومت میں کوئی حصہ دیا جائے گا ۔ ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو ذرا برابر بھی بھنک پڑی کہ ان کی حکومت ختم کرنے کیلئے سازش رچائی جارہی ہے تو وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے جس کا تحریری حکم نامہ لکھوا کر صدر مملکت عارف علوی کے پاس رکھوایا گیا ہے ۔ یہ بات میں صدر پاکستان سے تو پوچھ نہیں سکتا ، اگر پوچھ بھی لوں تو وہ نہیں بتائیں گے ۔ اپوزیشن پی ٹی آئی ممبران کو توڑنے کیلئے متحرک ہو گئی ہے ۔ عمران خان کرکٹ کے اچھے کھلاڑی ہیں لیکن سیاست کے نہیں ۔ واضح رہے کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حمایت حکومت کیساتھ رہے گی۔