اقوام متحدہ( آن لائن ) میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تنائو میں اب تک آنیوالی ڈرامائی شدت ہے باوجود یہ کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اصرار ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتے ۔تاہم گزشتہ رات ایرانی سفیر ماجد تخت روانچی نے کہا کہ درحقیقت یہ امریکہ کی جانب سے ایرانی عوام کے خلاف ایک جنگی کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ نے ہمارے اعلیٰ جنرلوں میں سے ایک کے خلاف دہشت گرد کارروائی کرکے انہیں قتل
کرنے کے بعد فوجی جنگ کا آغاز کیا ہے تو اب ایران سے اور کیا توقع کیا جاسکتی ہے ، ہم خاموش بیٹھے نہیں رہ سکتے ، ہمیں کارروائی کرنی ہے اور ہم کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جو کچھ پیش آیا ہم اس پر آنکھیں نہیں بند کرسکتے ، بے شک انتقام ہو گا اور سخت انتقام ہو گا ۔انہوں نے اپنے انٹرویو کا ان اختتامی الفاظ کے ساتھ کیا کہ فوجی کارروائی کا جواب فوجی کارروائی ہوتی ہے ، کون کرے گا ، کب ہو گی اور کہاں ہو گی ؟ یہ مستقبل میں نظرآئے گا ۔