اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کا آزادی مارچ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں جاری ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق دھرنا ختم ہونے کا امکان ہے، میڈیا ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ہوا، ذرائع کے مطابق پشاور موڑ میں جاری آزادی مارچ کے دھرنے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ دھرنا اب پورے ملک میں پھیل جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مشاورتی اجلاس میں تمام صوبائی امراء نے اپنے اپنے صوبے میں سڑکیں
اور شاہرائیں بند کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کا پلان بی پلان اے سے بھی زیادہ شدید ہو گا، جمعیت علمائے اسلام نے شہروں کو بند کرنے کے لیے موٹر وے اور نیشنل ہائی ویز کی نشاندہی بھی کرلی ہے۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ایچ نائن گراؤنڈ میں موجود جے یو آئی (ف) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے اپنے خیمے لپیٹنے کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارکن یہاں سے گھروں کو نہیں جائیں گے بلکہ جہاں قیادت کہے گی ان شاہراؤں پر پہنچ جائیں گے۔