اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 27سے منتخب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اور صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے درمیان فنڈز کی عدم فراہمی پر شدید اختلافات ۔روزنامہ جنگ کے مطابق نورعالم خان نے کہاکہ تیمور سلیم جھگڑا فنڈز کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جس کے باعث جاری ترقیاتی منصوبےمتاثر ہورہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی بے بس نظر آتے ہیں۔نورعالم خان نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ
پرویز خٹک کے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوا تاہم رواں مالی سال کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مختص نہیں کئے گئےجس کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تیمور سلیم جھگڑا نواز شریف کے ملازم تھے جنہیں وزیر خزانہ لگا دیا گیا، کئی مرتبہ تیمور سلیم جھگڑا سے رابطہ کیا مگر انہوں نے فنڈز کی فراہمی سے انکار کر دیا جب وزیر اعلیٰ سے بات کی تو انہوں نے بھی کوئی ایکشن نہیں لیا ۔معاملے پر عمران خان سے بات کرینگے۔