پشاور،سرگودھا، شیخوپورہ(سی پی پی)ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، تازہ واقعات میں 8افراد جاں بحق ہو گئے،سیلابی ریلے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں خیبرپختونخوا میں 5 اور پنجاب میں 3افراد جاں بحق ہو ئے،خواتین اور بچوں سمیت تقریباً30افراد شدید زخمی ہو گئے۔
چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ اور شیشیکوہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مون سون کی تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں چھتیں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے۔سرگودھا کے علاقے سلانوالی میں چک نمبر 134 میں گھر کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق ہوگئے، ایک زخمی ہوا لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ملبے سے نکالا۔شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے چھتیں گرنے کے 5 واقعات پیش آئے جس میں میں 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ فیصل آباد میں سمندری روڈ پر بھی گھر کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ملبے تلے دب کر 6 بکریاں ہلاک ہوئیں۔لاہور، شیخو پورہ، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کے باعث جہاں حبس میں کمی آئی ہے وہیں بجلی کی بندش اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 54 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ لکشمی چوک پر 39، پانی والا تالاب میں 34، اپر مال پر33، فرخ آباد میں 32، مغلپورہ میں 26 اور چوک ناخدامیں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں سے ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا بھر میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک جب کہ شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں جان کی بازی ہار گیا۔بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 18افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بارشوں سے 5 مکانات تباہ جب کہ 2 کوجزوی نقصان پہنچا، اس کے علاوہ ایک اسکول مکمل تباہ جب کہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ اور شیشیکوہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔جبکہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے بالائی علاقوں میں تباہی مچا دی، صوبائی حکومت نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موبائل ایپ متعارف کروا دی۔خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ایمرجنسی الرٹ پی ڈی ایم اے کے نام سے موبائل ایپ تیار کی گئی ہے، موبائل ایپ پر موسمی صورت حال، خبرداری، حادثات اور قدرتی آفات سے متعلق نقشے اور امدادی کاروائیوں کی تازہ ترین معلومات دستیاب ہوں گی۔