اسلام آباد (این این آئی)جعلی اکاؤنٹس کیس میں تین گرفتار ملزمان خورشید انور جمالی ، سید عارف علی اور سید آصف محمود نے نیب کو رقم واپس کر نے پر تیار ہوگئے اور اس اسلسلے میں پلی بارگین کی درخواست کر دی ہے ۔کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔ دور ان سماعت تینوں گرفتار ملزمان نے پلی بارگین کی درخواست کر دی جس پر جج محمد بشیر نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ان کی پلی بارگین درخواست کا کیا بنا ہے، تفتیشی افسر نے بتایاکہ ملزمان کی درخواست پر پراسس جاری ہے۔
انہوںنے بتایاکہ دو ملزمان کی رپورٹ منظور کرنے کے لئے ہیڈ کوارٹر بھیج دی۔ جج محمد بشیرنے کہاکہ نیب ہیڈ کوارٹر کو حکم دیتا ہوں کہ جلدی پراس مکمل کریں۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ تینوں کا ایک ساتھ پراسس مکمل کر لیں،ملزماں بہت خوش ہیں نیب کے پاس۔عدالت نے تینوں ملزمان کی جسمانی ریمانڈ میں 31 جولائی تک توسیع کر تے ہوئے ملزمان کو 31 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ یہ آخری مرتبہ جسمانی پر ریمانڈ دے رہا ہوں اگلی دفعہ جوڈیشل کر دوں گا۔