منڈی بہائو الدین (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کر نے والے عمران خان استعفیٰ دو اور گھرجائو ،نوازشریف کی بریت کا فیصلہ قدرت کی طرف سے آیا ہے ، اب ایک منٹ بھی جیل میںرکھنا جرم ہے ، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ ہے ، سزا دینا والا جج خود بول اٹھا ہے نوازشریف بے گناہ ہے ،نواز شریف پھر وزیر اعظم بنیں گے۔
اور پہلے سے زیادہ طاقت سے بنیں گے ،نالائق اعظم اپنی ناکامی کرپشن کے پیچھے چھپانے کی کوشش کرے تو گریبان پکڑنا ، کرپشن کے لبادے میں پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ رات گئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، منڈی بہائو الدین میں عوام کا جوش و خروش دیکھ کر یقین سے کہتی ہوں کہ جیل میں موجود نواز شریف جیت چکے ہیں، بے گناہ نواز شریف کو منڈی بہائو الدین کے عوام پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر کارکن کو نواز شریف پر فخر ہے ، ووٹ دینے والوں کو نواز شریف پر فخر ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کی بریت کا فیصلہ قدرت کی طرف سے آیا ہے اللہ تعالیٰ نے بائیس کروڑ عوام کی عدالت میں نواز شریف کو سرخرو کر دیا ہے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آیا ہے ، دشمنوں نے نواز شریف اور مجھے گھیرا ہوا ہے جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ۔مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کا کیا قصور تھا ،نواز شریف بے گناہ ہیں آپ سب گواہی دیتے ہونا ں ،انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو سزا دینے والا جج بھی بول اٹھا ہے کہ میں نے بے گناہ کو سزا دی ۔انہوں نے کہاکہ جج کہتا ہے کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے پر مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو آپ کے حق حکمرانی کا نعرہ لگانے پر سزا ملی ہے ۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے کی سزا ملی ہے ۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف پر ظلم ہوا ہے جس کی گواہی جج نے دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ظلم کے ضابطے نہیں مانتے ہیں نوازشریف بے گناہ ہے فوری رہا کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ اب نوازشریف کو جیل میں ایک منٹ بھی رکھنا جرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ نوازشریف چھوٹے گا ،اس موقع پر لوگوں نے وزیر اعظم نوازشریف کے
نعرے لگائے تو مریم نواز نے کہاکہ انشاء اللہ نواز شریف پہلے زیادہ طاقت سے وزیر اعظم بنے گا ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف صرف بے گناہ نہیں بلکہ بہادر بھی ہے ۔ نوازشریف کو معلوم تھا کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے اس کے باوجود وہ بیٹی کے ساتھ پاکستان آیا اور قانون کے آگے سر جھکایا اور جیل چلا گیا ۔مریم نواز نے کہاکہ دوسری طرف بزدل اعظم ہے جو نوازشریف کی بیٹی کو جلسہ کر نے کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہاکہ لاہور سے منڈی بہائو الدین کا سفر ڈھائی گھنٹہ کا ہے مگر میں دس گھنٹے میں پہنچی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ جلسہ سات جولائی کو ہونا تھا اور اب آٹھ جولائی ہوگئی ہے جگہ جگہ جلسہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج تاریخی عوام کا سیلاب امڈ آیا ہے یہ نوازشریف کی بے گناہی ثابت ہونے پر جشن منا رہے ہیں ۔مریم نواز نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی بڑھی ہے ، بجلی کے بل زیادہ آرہے ہیں ۔
گیس بڑھا دی گئی ہے ، آٹا ، دال ، چینی ، سبزی کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں آج کے بعد نالائق اعظم اپنی ناکامی کرپشن کے پیچھے چھپانے کی کوشش کرے تو گریبان پکڑنا اوران کو کرپشن کے لبادے میں پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔انہوںنے کہاکہ عوام پر مہنگائی لانے والے استعفیٰ دو اور گھر جائو ۔اس موقع پر مریم نواز نے گو سلیکٹیڈ گو کے نعرے بھی لگوائے ۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں سلیکٹیڈ کہنے پر پابندی ہے عوام کی زبانوں پر کیسے
پابندی لگائو گے ۔انہوں نے کہاکہ آپ کا جوش و جذبہ دیکھ کر کوٹ لکھپت جیل میں بے گناہ قید نوازشریف کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ آپ جیت چکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میں منڈی بہائو الدین کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں اور آپ کے جذبے کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ مجھے بتایا گیا کہ منڈی بہائوالدین کے لوگ نو دس بجے کے قریب سو جاتے ہیں رات ایک بج گیا ہے اور آپ لوگ جاگ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ بے گناہ نواز شریف کو آپ پر فخر ہوگا ۔