ملک میں بہت کم دن ایسے آتے ہیں جب ہر آدھ گھنٹے بعد نئی خبر آتی ہے اور آج کا دن ایسا دن تھا‘ اگر آج کے دن کو خبروں کا دن کہیں تو یہ غلط نہیں ہو گا‘ آج چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ایک بار پھر سب کا احتساب ہو گا کا اعلان کیا، آج کی دوسری بڑی خبر شہریار آفریدی اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک کی پریس کانفرنس تھی، آج میاں شہباز شریف بھی بطور اپوزیشن لیڈر پہلی بار سڑک پر دکھائی دیے اور آج بلاول بھٹو نے مہمند میں جلسہ کیا اور یہ خلاف معمول کریز سے باہر نکل گئے،
آج کے دن دو بیانیے سامنے آئے ہیں‘ ایک بیانیہ چیئرمین نیب اور نارکوٹکس کنٹرول کے وزیر شہر یار آفریدی کا تھا‘ دونوں کا کہنا تھا ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں‘ ہم یہ ثبوت وقت پر کورٹ آف جسٹس میں پیش کریں گے اور ریاست کے آہنی پنجے سے کوئی نہیں بچ سکے گا جبکہ دوسرابیانیہ اپوزیشن کا ہے اور یہ بیانیہ کہتا ہے عمران خان اور اس حکومت کا یوم حساب بھی قریب ہے اور یہ بھی وہ کاٹیں گے جو یہ بو رہے ہیں‘ ان دونوں بیانیوں میں پاکستان کا بیانیہ کیا ہے؟