راولپنڈی(این این آئی) کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران علاقائی اور قومی سلامتی صورتحال سمیت کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشنز اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا، پاک فوج کے سربراہ نے کور کمانڈرز کو معیشت کی بہتری اور استحکام کیلئے حکومت کے مشکل لیکن ضروری طویل مدتی فائدہ مند اقدامات بارے آگاہ کیا۔ آئی ایس پی آ کے مطابق 222 ویں کور کمانڈرز کانفرنس بدھ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کے دوران جیو اسٹریٹجک علاقائی
اور قومی سلامتی ماحول بشمول بھارت، افغانستان، ایران اور ملک کے اندر جاری سیکیورٹی آپریشنز اور کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اجلاس کے شرکا کو ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مشکل لیکن انتہائی ضروری طویل مدتی فائدہ مند اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن کے مثبت راستے پر آگے بڑھ رہا ہے اور پائیدارامن اورخوشحالی کی جانب یہ سفر جاری رہے گا۔