اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا2 روز قبل نجی ٹی وی کو دیا گیا ایک انٹرویو روک دیا گیا تھا۔اس انٹرویو کا ایک حصہ سامنے آیا تھا جس میں آصف زرداری نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ لندن میں تحقیقات ہورہی ہے اور عمران خان کا ایک بہت بڑا سکینڈل سامنے آ رہا ہے۔اسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے
معروف صحافی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ عارف نقوی حال ہی میں پاکستان آئے ہیں،انہوں نے کراچی کی ایک الیکٹرک کمپنی خریدی ہوئی تھی اور اس حوالے سے جو انکوائری ہو رہی ہے اس سلسلے میں وہ پاکستان آتے رہتے ہیں۔وہ اس کمپنی کو بیچنا چاہ رہے تھے۔ایک چینی کمپنی اس کو خریدنے کی خواہشمند تھی۔تاہم اس میں کچھ مسائل آ رہے تھے کیونکہ کے الیکٹرک نے کچھ پیسے سوئی نادرن کے دینے تھے جب کہ کے الیکٹرک کا یہ موقف تھا کہ وفاقی حکومت نے ان کے پیسے دینے ہیں۔تاہم وفاقی حکومت نے کہا کہ پہلے آپ ان پیسوں کا حساب دیکھیں جو آپ نے دینے ہیں،نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو انکوائری ہو رہی ہے اس میں یہ بات واضح ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو کچھ فنڈنگ کی ہے۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کمپنی نے تو وہ فنڈنگ ظاہر کر دی لیکن کیا پی ٹی آئی نے بھی وہ فنڈنگ دکھائی ہے یا نہیں؟۔اگرچہ کوئی بھی کمپنی کسی سیاسی جماعت کو اس طرح سے فنڈنگ نہیں کر سکتی لیکن چونکہ پی ٹی آئی کا ایک ٹرسٹ بھی ہے اس لیے سوالات تو اٹھیں گے۔آگے جا کر اس سکینڈل میں کچھ مشکلات پیدا ہوسکتی ہے اور فنڈنگ کے حوالہ سے تحریک انصاف کے لیے بہت سنجیدہ مسئلہ بن سکتا ہے۔واضح رہے فنڈنگ سے متعلق تحریک انصاف کے خلاف پہلے ہی ایک کیس چل رہا ہے۔