اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں فارورڈ بلاک بنانے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے رواں ماہ مزید پندرہ لیگی ارکان کی ملاقات کرائی جائے گی، اس کے علاوہ اگست میں بھی مزید ارکان توڑے جائیں گے،
ذرائع کے مطابق 7 لیگی ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی تردید کی ہے اور چار ارکان نے تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے منحرف لیگی رہنماؤں کی ملاقاتیں مرحلہ وار کرائی جائیں گی۔ 15 ارکان کی ملاقات جولائی میں وزیراعظم سے کروائے جانے کا امکان ہے جبکہ اگست میں بھی منحرف ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات کروائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک کی تشکیل کے لیے پنجاب میں مختلف تجاویز پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جلیل احمد شرقپوری، نشاط ڈاہا اور یونس انصاری نے ملاقات کا کھل کر اعتراف کیا ہے، غیاث الدین نے ملاقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا الرحمن، قاسم ہنجرا، محمود الحق نے ملاقات کی تردید کی ہے، ذرائع کے مطابق غضنر لنگا اور اظہر چانڈ کنفیوژن کا شکار ہیں کہ وہ اس ملاقات کی تصدیق کریں یا تردید۔ اس کے علاوہ شعیب اویسی، اشرف انصاری، چوہدری ارشد اور فیصل نیازی وزیراعظم سے ملاقات کا انکار کر رہے ہیں۔ پنجاب میں فارورڈ بلاک بنانے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے رواں ماہ مزید پندرہ لیگی ارکان کی ملاقات کرائی جائے گی، اس کے علاوہ اگست میں بھی مزید ارکان توڑے جائیں گے