اسلام آباد (این این آئی) سعودی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سعودی تیل کی فراہمی جولائی سے شروع ہو گی۔ پیر کو جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ پاکستان موخر ادائیگی کی بنیاد پر نئے مالی سال کے ابتداء سے سعودی عرب سے تیل کی برآمدات شروع کریگا۔ سفارتخانے نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب سے ماہانہ 275 ملین ڈالر کا تیل جولائی 2019 سے در آمد کرنا شروع کریگا۔ بیان میں کہاگیاکہ یہ سلسلہ تین سالوں
تک جاری رہے گا، جس کی مجموعی لاگت نو اعشاریہ نو ارب ڈالر ہو گی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کیلئے معاشی امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا جو تین ارب ڈالر پر مشتمل تھا،موخر ادائیگیوں کی بنیاد پر تیل کی درآمدات اس سے علیحدہ ہے،اس کے علاوہ پاکستان کیساتھ 20 ارب ڈالرز کے معاہدے بھی کئے گئے،یہ امداد سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو معاشی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہے۔