نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، بلاگر محمد بلال خان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو جلد سے جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی ادارے یونیسکو کی سربراہ اودرے آزولے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں محمد بلال خان کے قتل کی مذمت کرتی ہوں۔
اس جرم کی تحقیقات کرنے والے حکام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے یہ بیان نیویارک میں موجود کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ (سی پی جے) کی مذمت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں پاکستانی حکام سے کہا گیا تھا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور قتل کے محرکات جانے کے لیے تحقیقات تیز کی جائیں۔یونیسکو کی سربراہ کا مزید کہنا تھاکہ آزادی رائے ایک بنیادی انسانی حق ہے۔