اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام ،دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ڈی پی او لورالائی جواد طارق کے مطابق لورالائی میں پولیس کے محکمانہ امتحان کی تیاری جاری تھی کہ اچانک تین مسلح افراد نے پولیس لائن پر حملہ کردیا۔تینوں مسلح افراد نے پولیس لائن میں داخل ہونے
کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور اس دوران مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جانب سے مزاحمت پر دو مسلح افراد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جب کہ ان کا تیسرا ساتھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا،حملے کے بعد پولیس لائن کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیاہے ۔