اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ امیر قطر نے دورہ پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا،جب پاکستان میں ڈیل یا ڈھیل کی بات ہوتی ہے تو اس میں قطر کا ایک کلیدی رول تھا،جب نوازشریف پرویز مشرف کی قید میں تھے اور ان پر کیسز تھے تو اس وقت سارا پراسس جو ڈیل کا ہوا، وہ امیر قطر کی طرف سے ہوا، پھر بعض ذرائع بتا رہے ہیں
کہ اب پھر ڈیل ہورہی ہے ،عام امکان یہ ہے کہ 70فیصد کے قریب ڈیل ہوچکی،یہ جو پاکستان کو 3ارب ڈالر ملے ہیں، اس کے علاوہ بھی 12ارب ڈالر کی سرمایہ کار ی کا بھی قطر نے کہا ہے ،میں سوفیصد تو نہیں کہہ سکتا مگر یہ بات ضرور ہورہی ہے کہ نوازشریف ، مریم نوازکو دیس نکالا مل رہا ہے ،وہ جرمانہ ادا کریں اور لندن جا کر برگر کھائیں اور اپنا علاج کرائیں، شہبازشریف اور حمزہ ملک میں ہی رہیں گے اور اپنے اوپر بنے مقدمات کا سامنا کرینگے ۔