اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ’مانیٹرنگ‘ کے لیے پارٹی میں اینٹی کرپشن ونگ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کے لیے پارٹی میں اینٹی کرپشن ونگ بنانے کا فیصلہ کیا ہے
جو یہ چیک کرے گا کہ اراکین اسمبلی نے اپنے حلقے میں کتنے ترقیاتی کام کرائے؟ اورملنے والے فنڈز کہاں خرچ کیے؟ پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پارٹی میں قائم کیا جانے والا اینٹی کرپشن ونگ کن افراد پر مشتمل ہوگا؟ اس کا فیصلہ براہ راست خود وزیراعظم کریں گے۔ اینٹی کرپشن ونگ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ملنے والے فنڈز کے استعمال پر نظر رکھنے کے علاوہ یہ رپورٹ بھی مرتب کرے گا کہ فنڈز ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے گئے؟ یا انہیں کسی دوسری مد میں خرچ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قائم کیے جانے والا اینٹی کرپشن ونگ اپنی جو رپورٹ مرتب کرے گا وہ براہ راست وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور یا ان کے نامزد کردہ کسی ذمہ دار شخص کے حوالے کی جائے گی۔ بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والے اور ناقص کارکردگی کے حامل اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف مربوط ثبوتوں کی بنیاد پر کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ بنیادی طور پر اینٹی کرپشن ونگ بنانے کا فیصلہ ترقیاتی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ’مانیٹرنگ‘ کے لیے پارٹی میں اینٹی کرپشن ونگ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔