اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جانب سے اسلام آباد کو دوبارہ فیملی اسٹیشن قرار دیئے جانے کے اقدام کو بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک بین الاقوامی اداروں کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے، اقدام کے بہت مثبت اثرات برآمد ہونگے، اقوام متحدہ کے فیصلے سے اعتماد سازی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،
ہمیں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی کوشش کر نی چاہیے ، پاکستانی سکیورٹی ایجنسیز اور دفتر خارجہ کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ 2008 میں اسلام آباد میریٹ ہوٹل میں بم دھماکہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعے کے رونما ہونے کے بعد آسلام آباد میں واقع مختلف ممالک کے سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر میں خاصا اضطراب پایا جا رہا تھا۔ انہوںنے کہاکہ چنانچہ اقوام متحدہ نے سیکورٹی کی صورتحال کو نامناسب سمجھتے ہوئے، اسلام آباد کو نان فیملی اسٹیشن قرار دے دیااور یہ سلسلہ دس سال تھا جوں کا توں رہا۔ انہوںنے کہاکہ اس دوران فارن آفس ،اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا ،جیسے ہی سیکورٹی صورتحال کو سنبھالنے اور دہشت گردی کو شکست دینے میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی تو وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ اور ان کی ایجنسیز پر زور دیا کہ اب سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے لہذا اب اقوام متحدہ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ انہوںن ے کہاکہ اقوام متحدہ نے اپنے طور پر جامع تحقیق کی اور ہمارے تجزیے سے اتفاق کرتے ہوئے کہ اب پاکستان اور اسلام آباد میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے لہذا اسلام آباد کو دوبارہ بذریعہ نوٹیفکیشن فیملی اسٹیشن ڈیکلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے یہ ایک بین الاقوامی اداروں کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے میں پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیز کو ،فارن آفس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں-اس اقدام کے بہت مثبت اثرات برآمد ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ میں اقوام متحدہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں مجھے امید ہے کہ اس فیصلے سے اعتماد سازی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم سرمایہ کاری کو اور دو طرفہ تجارت کو بڑھائیںپہلے کیونکہ سیکورٹی صورتحال آڑے آتی تھی اب چونکہ اقوام متحدہ کے نیویارک آفس نے اپنا تجزیہ دے دیا ہے اس سے مزید بہتری کے آثار پیدا ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ ویزہ لبرلائزیشن سے مجھے قوی امید ہے کہ انشاء اللہ اقتصادی نقل و حرکت میں بھی بہتری پیدا ہو گی ، انہوںنے کہاکہ ہمارا کاروباری طبقہ جسے اپنے کلائنٹس سے ملنے کیلئے دبئی جانا پڑتا تھا اب وہ آسانی سے یہاں آ سکیں گے،سو یہ ایک بہت اچھی خبر ہے جس پر میں فارن آفس کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔