راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے صادق آباد کے بیمار شہری کی مدد کی اپیل منظور کرتے ہوئے آرمی ہیلی کاپٹر پر لاہور منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا، صادق آباد کے شہری نور حسن کا وزن 320 کلو ہے، اس موٹاپے کی بیماری کی وجہ سے وہ حرکت نہیں کر سکتا ہے اور اسے عام ایمبولینس پر منتقل کرنا بھی ممکن نہیں ہے، صادق آباد کے شہری نے پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی، نور حسن کی اپیل پر آرمی چیف نے اسے صادق آباد سے لاہور منتقل کرنے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر
کے استعمال کی اجازت دے دی ہے، اب اسے صادق آباد سے علاج کی غرض سے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور منتقل کیاجائے گا۔ لاہور میں آپریشن کے ذریعے اس کے جسم کی فالتو چربی نکالی جائے گی، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس کے ایک سے زائد آپریشن ہو سکتے ہیں اور چربی نکالنے کے بعد نور حسن اپنے کام خود کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ آرمی چیف کے اس اعلان کے بعد نور حسن نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ آرمی کی مدد کے بغیر میرا علاج ممکن نہیں تھا لیکن اب اس کا علاج ہو سکے گا۔