اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی حکومت کی کفایت شعاری اور بچت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار عثمان بزدار گزشتہ ایک برس کے دوران ہیلی کاپٹرز اور جہاز کے دوروں پر 20 کروڑ روپے سے زائد خرچ کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلی کاپٹر اور سرکاری طیاروں کا اس قدر استعمال کیا کہ طے شدہ بجٹ سے بھی 5 کروڑ روپے زیادہ لگ گئے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے اخراجات میں بھی اضافہ کر لیا ہے۔پنجاب میں وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب گھر، آفس، سیکرٹریٹ سمیت دیگر محکموں کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔ پنجاب حکومت کی بجٹ دستاویزات میں اس حوالے سے حیران کن انکشافات سامنے آئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بھی ریکارڈ اخراجات کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر، گھر پر 60 کروڑ کے بجائے 78 کروڑ 80 لاکھ خرچ کر ڈالے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر پر اضافی اخراجات 14 کروڑ 90 لاکھ 37 ہزار روپے کر دئیے گئے۔ ائیر ٹرانسپورٹ کی مرمت کی مد میں 2 کروڑ 21 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ وی آئی پی فلائٹ کی دیکھ بھال اور آپریشن سیل پر کروڑوں روپے اضافی خرچ ہوئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب گورنر ہاؤس ، سیکرٹریٹ نے 9 کروڑ 74 لاکھ روپے اضافی خرچ کر ڈالے، آئندہ مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس اور گورنر سیکرٹریٹ کا بجٹ 46 کروڑ سے بڑھا کر 49 کروڑ 31 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی۔یہی نہیں بلکہ آئندہ مالی سال کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ، آفس اور سکیورٹی کے لئے 2 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی تجویز بھی پیش کی گئی۔