بشکک(این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی سر کاری ابھی تک الیکشن کے موڈ سے باہر نہیں آئی ،اگر بھارت بات چیت پر تیار نہیں تو پاکستان کو بھی کوئی جلدی نہیں ،پاکستان انتظار کر سکتا ہے،مذاکرات ہونگے تو باوقار طریقے سے ہوں گے ۔ جمعہ کو وزیر خارجہ
مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بات تو یہ کہ وزیراعظم عمران خان کی بھارت کے وزیراعظم سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی،دوسری بات یہ کہ بھارت ابھی تک الیکشن کے ہینگ اوور سے باہر نہیں نکلا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی،پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت انہیں اجازت دی لیکن اجازت کے باوجود انہوں نے لمبا راستہ اختیار کیا۔ انہوںنے کہاکہ یہ عکاسی کرتا ہے ان کی ذہنیت کی جس میں وہ ابھی تک مبتلا ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی سرکار ابھی تک الیکشن موڈ سے باہر نہیں آئی کیونکہ انتہا پسندی اور ہندوتوا کی بنیاد پر انہوں نے الیکشن جیتا ہے وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت پاکستان کے ساتھ آگے بڑھنا ان کیلئے مناسب نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا موقف ساری دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن اگر بھارت بات چیت پر تیار نہیں ہے تو پاکستان کو بھی کوئی جلدی نہیں ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان انتظار کر سکتا ہے،مذاکرات ہونگے تو باوقار طریقے سے ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے امن کی بات کی بھارت نے جارحیت کی جس کا ہم نے منہ توڑ جواب دیا۔ انہوںنے کہاکہ وہ مذاکرات کرنا چاہیں گے تو ہم مذاکرات کریں گے لیکن اگر انہوں نے راہ فرار اختیار کی تو ہم ان کا تعاقب نہیں کریں گے