اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دس سال میں لئے گئے بیرونی قرضوں کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن کی تشکیل بارے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے،گزشتہ روز ہونے والے ا جلاس میں سابق پولیس آفیسر شعیب سڈل کو اس کمیشن کا سربراہ بنائے جانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔باخبرذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیر قانون فروغ نسیم سے اس بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا
اور مجوزہ کمیشن سے متعلق ٹی او آرز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس اہم تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی شعیب سڈل کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ شعیب سڈل کا نام مرتضی بھٹو قتل کیس میں بھی لیا جاتا رہا ہے اس کے علاوہ یہ وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے پر بھی فائز رہے جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کی کرپشن سے متعلق تحقیقات کی ذمہ داری بھی شعیب سڈل کے حوالے کی گئی تھی اور شعیب سڈل نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں ارسلان افتخار کو بری الذمہ قرار دے دیا تھا واضح رہے کہ شعیب سڈل کے حوالے سے مشہور ہے کہ جب بھی ان پر اس قسم کی ذمہ داری ڈالی جاتی ہے تو وہ ان کا جھکاؤ ہمیشہ طاقتور پلڑے کی طرف رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی کمیشن کے ذریعے تمام حقائق منظر عام پر لائینگے کہ گزشتہ دس برس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے جو بیرونی قرضے لئے وہ کہاں کہاں اور کس کس مد میں خرچ ہوئے تاکہ قوم کو بتایا جاسکے حالیہ مالی بحران کی اصل وجوہات کیا ہیں آج وزیراعظم کی زیر صدارت اس سلسلے میں پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں شعیب سڈل کو یہ بڑی ذمہ داری دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم کابینہ کے چند اہم ممبران کوبھی اعتماد میں لینگے