اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے لیے منی لانڈرنگ کرنے میں ایک ہی گروپ ملوث ہونے کا انکشاف۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شریف خاندان، آصف زرداری اور اومنی گروپ کے لئے ایک ہی گروپ نے منی لانڈرنگ کا کام کیا ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تحقیقات کرنے والے اداروں نے اہم ترین ثبوت حاصل کر لیے اور جن افراد کو گرفتار کیا گیا ان کے انکشافات کی روشنی میں یہ چیزیں سامنے آئیں کہ دونوں بڑے سیاسی خاندانوں کے لیے منی لانڈرنگ میں کردار ادا کرنے والے منی ایکسچینجر، بینکرز اور دیگر افراد کا نہ صرف آپس میں تعلق تھا بلکہ وہ ان دونوں بڑے سیاسی خاندانوں کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے ایک دوسرے کو بتاتے بھی رہتے تھے ۔شریف خاندان کے حوالے سے تین ایسے اہم افراد کی گرفتاری آئندہ چند روز میں متوقع ہے جن میں سے دو کا تعلق بینکنگ کے شعبہ سے رہا اور ایک جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے اور رقوم منتقل کرانے میں اہم کردارادا کرتا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ چھ قریبی ساتھیوں نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت کئی اہم افراد کے لیے منی لانڈرنگ اور دیگر معاملات میں کردار اداکیا۔ان افراد میں سے ایک کا نام غلام قادر مری اوردوسرا ابوبکر ہے ، اس کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے ۔ ابو بکرنے اپنی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کروا رکھی ہے اور ضمانت خارج ہونے پر اس کی گرفتاری کے ساتھ اہم کردارادا کرنے والے پانچ بڑے نام بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر آ جائیں گے ۔ آئندہ چند روز میں بڑے پیمانے پر جو گرفتاریاں متوقع ہیں ان میں سب سے زیادہ گرفتاریاں زرداری اور شریف خاندان کے قریبی ساتھیوں ،ملازمین اور ان کے لیے کام کرنے والوں کی ہیں ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے واضح طور پر اعلان کررکھا ہے کہ وہ ملک لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔