اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی اپیل کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیاہے، فیصلے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آرٹیکل 184/3 کے تحت چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی کی اپیل ابتدائی سماعت کے لئے منظور ، رجسٹرار آفس کو اپیل پر نمبر لگا کر سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیاگیا ہے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل کے 11 اکتوبر 2018 کے فیصلے کے مندرجات چیلنج کیے تھے، سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آرٹیکل 184/3 کے تحت چیلنج کیا جا سکتا ہے۔سپریم کورٹ ایک فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کوئی عدالت نہیں ہے۔ رجسٹرار آفس کے اعتراضات تکنیکی نوعیت کے ہیں ،اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو مسترد کیا جاتا ہے۔ فیصلے کے مطابق جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی کی اپیل کو ابتدائی سماعت کیلیے منظور کیا گیا ہے جبکہ رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگا کر قانون کے مطابق مقرر کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر رجسٹرارآفس کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے تھے ۔جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی نے ان اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس پر جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے پچیس مارچ کو سماعت کی تھی۔