پشاور(آن لائن)23مارچ سے شروع ہونے والے بی آر ٹی کے 31 سٹیشنوں پر برقی زینے کے ساتھ بیمار مرد اور خواتین کے لئے لفٹس کی تعمیر کاکام بھی شروع کردیا ہے ۔ ہشتنگری میں جی ٹی روڈ کو کراس کرنے کے لئے فلائی اوور کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے 31سٹیشنوں پر مسافروں کی سہو لت کے لئے برقی سیڑھیاں کی تعمیر کاکام شروع کیا گیا ہے جو کہ آخری مرحلے میں ہے جبکہ بعض سٹیشنوں پر بزرگ شہریوں کے لئے لفٹس بنائی جا رہی ہیں۔
معذور افراد کے لئے پہلے سے ہی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں 27کلو میٹر بی آر ٹی 31سٹیشنوں پر مسافروں کی سہو لت کے لئے لیٹرینیں بھی بنائی جا رہی ہیں ۔ خواتین اور مردوں کے لئے علیحدہ علیحدہ راستے ہو نگے ۔ صفائی کے لئے بھی موثر انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ صوبائی حکومت نے پشاور میں جاری بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی جلد ازجلد تکمیل اور اسے بین الاقوامی معیار اور تقاضوں کے تحت مکمل کرنے کا اعادہ کیا ہے تاکہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات کم سے کم کرایہ میں دی جا سکیں ‘ اس حوالے سے پراجیکٹ کے ترجمان کے مطابق کام 24گھنٹے جاری ہے جس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے ترجمان کے مطابق کام کرنے والی کمپنی مقبول اینڈ سنز کیلسنز اور سی آر 21جی نامی کمپنیاں اس وقت تمام امور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرانجام دے رہی ہیں ترجمان نے بتایا کہ پراجیکٹ کے دورانیہ میں اضافہ مختلف مقامات پر پراجیکٹ کو توسیع دینے کی وجہ سے کیاگیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانہ کو بھی جاری رکھا گیا ہے‘ ترجمان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کسی قسم کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیاگیا بین الاقوامی طرز کا سفری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ۔