لاہور( آن لائن ) سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے اہل خانہ کو اسلام آباد بلانے کا معاملہ حل ہوگیا ، میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے اہل خانہ کو اسلام آباد میں خوار کرنے کے بعد مْکر گئی۔ پولیس کی ذیشان کے بھائی کے ساتھ کی جانے والی بات چیت کی آڈیو کال سامنے آ گئی۔ آڈیو کال کی ریکارڈنگ کے مطابق ذیشان کے بھائی احتشام سے خود ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے بات کی اور احتشام کو والدہ سمیت اسلام آباد جانے کا کہا۔
آڈیو ریکارڈنگ میں ایس ایچ او نے کہا کہ آپ کی والدہ سے صدر پاکستان اور چیئرمین سینیٹ ملاقات کرنا چاہتے ہیں، ریکارڈنگ میں ایس ایچ او نے احتشام اور والدہ کو اپنی گاڑی پر لے جانے کا بھی کہا اور جب احتشام نے اہل خانہ سے پوچھنے کی بات کی تو ایس ایچ او نے ”فائدے” کی بات کر دی۔آڈیو ریکارڈنگ میں واضح ہے کہ ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے ذیشان کے بھائی کو اسلام آباد جانے اور صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کرنے کا کہا۔