لاہور( این این آئی )پاکستان مورٹگیج ری فنانس کو ورلڈ بینک سے کم خرچ گھروں کی تعمیر کے لیے 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر موصول ہوگئے جبکہ مزید 7 کروڑ ڈالر ابھی موصول ہونے ہیں۔جون 2018 میں ہاؤسنگ کے شعبے کے فروغ کے لیے قائم ہونے والی پی ایم آر سی نے اب تک اس کام کے لیے 1.2 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایم آر سی کے سی ای او مدثر ایچ خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں جنرل ہاؤسنگ کے لیے 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر موصول ہوگئے ہیں جبکہ دیگر 7 کروڑ ڈالر ابھی موصول ہونا ہیں اور اس رقم کا استعمال ملک میں کم خرچ گھروں کے فروغ کے لیے کیا جائے گا۔کمپنی کی جانب سے بینکوں سے کم قیمت پر رقم حاصل کی جاتی ہے جبکہ بینکوں کو ہاؤسنگ کے لیے طے شدہ سود پر رقم دینے کی اجازت ہے۔بینک الفلاح اور عسکری بینک کو پی ایم آر سی سے رقم موصول ہوچکی ہے جبکہ اسلامک بینک سمیت دیگر 2 بینک رقم دینے والوں سے رابطے میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے کم خرچ گھروں کے منصوبے پر مذاکرات کر تے ہوئے اس کے طریق کار کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم بینکوں کی جانب سے اگلے 6 ماہ میں استعمال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک کروڑ گھروں کی کمی کے باعث بینکوں اور دیگر سرمایہ کاروں کے پاس اس موقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین موقع ہے خصوصی طور پر ایسا شعبہ جو حکومت کی سماجی و معاشی ایجنڈا میں اہم ترجیح ہے۔