اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے خارج کردی جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اسلام کا پہلا اصول ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر پردہ ڈالا جائے،آئندہ ایسی درخواست آئی تو جرمانہ ہوگا۔ پیر کو شہری حافظ احتشام کی جانب سے ٹیریان وائٹ معاملے میں وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ
کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود ایک حافظ ہیں،آرٹیکل 63 ایچ اخلاقی معاملات سے متعلق ہے کیا اسے آپ نے پڑھا؟اسلام کا بنیادی اصول یہ ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر کیچڑ نہ اچھالا جائے،پردہ ہے تو اسے نہ اٹھایا جائے،آئندہ اس قسم کی درخواست آئی تو عدالت جرمانہ کرے گی۔بعد ازاں عدالت نے درخواست خارج کر دی ۔